بھارتی فورسز پر بھی کورونا وائرس کا حملہ،کتنے اہلکاروائرس کا شکار ہوئے خبرآگئی
ممبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کورونا وائرس نہ صرف عام عوام پر بلکہ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں کیلئے مصیبت بنا ہوا ہے۔ اس مرض کا شکار ہونے والوں میں بھارتی فورسز کے اہلکار بھی شامل ہیں۔ ممبئی شہر میں انڈین بحریہ کے 21 اہلکاروں میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہیں۔
بی بی سی کے مطابق بحریہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق ان میں 20 جہاز راں شامل ہیں جو ممبئی کے ساحل پر تعینات تھے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر میں کورونا وائرس کی علامات ظاہر نہیں ہوئیں۔’ان سب کی نشاندہی ایک جہاز راں سے ہوئی ہے جس میں 7 اپریل کو کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔‘
یہ کہا جا رہا ہے کہ اس ایک جہاز راں کی وجہ سے باقی افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق اس دفتر میں تمام اہلکاروں کو قرنطینہ میں رکھا گیا ہے اور ایک لاک ڈاؤن جیسی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
انڈین بحریہ کا کہنا ہے کہ وائرس بحری جہازوں کے عملے اور سب میرینز تک نہیں پہنچا۔
خیال رہے بھارتی محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 11906 مصدقہ متاثرین اور 480 اموات ہوچکی ہیں۔